Sample Text

"لا الہ الا اللہ "کی فضیلت



اس کلمے کی فضیلت حسب ذیل احادیث سے واضح ہے۔ایک حدیث میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
افضل ذکر "
لا الہ الا اللہ" ہے اور افضل دعا "الحمدللہ" ہے۔(جامع الترمذی)
ایک دوسری حدیث میں ہے:
بہترین دعا یوم عرفہ کی دعا ہے اور بہترین بات جو میں نے اور مجھ سے پہلے پیغمبروں نے کہی وہ "
لا الہ الا اللہ" ہے وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں اسی کے لیے بادشاہی ہے اور اسی کے لیے حمد ہے اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔(جامع الترمذی)
تیسری حدیث جس کا تعلق قیامت کے دن حساب کتاب سے ہے اس سے بھی اس کلمہ طیبہ کی فضیلت کا اثبات ہوتا ہے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
"قیامت کے دن اللہ تعالیٰ میرے ایک امتی کو برسر خلائق نجات عطا فرمائے گا ۔اللہ ننانوے رجسٹر کھول کر اس کے سامنے رکھ دے گا ہر رجسٹر کا طول و عرض حد نگاہ تک ہو گا۔پھر اللہ تعالیٰ کہے گا!کیا تو اس میں درج باتوں میں سے کسی کا انکار کرتا ہے ؟یا تیرے خیال میں میرے لکھنے والے محافظین نے تجھ پر ظلم کیا ہے؟وہ امتی کہے گا!نہیں،اے میرے رب!اللہ فرمائے گا :کیا تیرے پاس کوئی عذر ہے؟وہ کہے گا:نہیں،اے میرے رب!اللہ تعالیٰ فرمائے گا :کیوں نہیں،ہمارے پاس تیری ایک نیکی ہے بلاشبہ آج تجھ پر کوئی ظلم نہیں ہو گا۔پھر کاغذ کا ایک ٹکڑا نکالا جائے گا جس پر یہ درج ہو گا۔میں گواہی دیتا ہوں اس بات کی کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد (صلی اللہ علیہ وسلم)اس کے بندے اور رسول ہیں۔اللہ کہے گا:دونوں کا وزن کیا جاتا ہے،تو دیکھ!امتی کہے گا:اے میرے رب!اس ٹکڑے کی ان رجسٹروں کے سامنے کیا حیثیت ہے؟اللہ فرمائے گا!تجھ پر ظلم نہیں کیا جائے گا۔پس سارے رجسٹر ترازو کے ایک پلڑے میں رکھ دیے جائیں گے اور کلمہ شہاد ت والا کاغذ کا ٹکڑا دوسرے پلڑے میں رکھ دیا جائے گا۔لیکن قطعہ کاغذ والا پلڑا بھاری اور رجسٹروں والا پلڑا ہلکا ہو جائے گا۔(اس لیے کہ )اللہ کے نام کے مقابلے میں کوئی چیز بھاری نہیں ہو سکتی۔(
ترمذی)
ایک اور حدیث میں ہے ،نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ حضرت نوح علیہ السلام نے اپنے بیٹے کو دو باتوں کی وصیت فرمائی ،ان میں سے ایک بات یہ تھی کہ میں تجھے "
لا الہ الا اللہ" کا حکم دیتا ہوں۔پھر اس کی درج ذیل فضیلت بیان فرمائی:
"ساتوں آسمان اور ساتوں زمینیں اگر ایک پلڑے میں اور "
لا الہ الا اللہ" دوسرے پلڑے میں رکھا جائے ،تو یہ دوسرا پلڑا اس کلمے کی وجہ سے بھاری ہو جائے گااور اگر ساتوں آسمان اور ساتوں زمینیں ایک بند حلقہ ہوں تو "لا الہ الا اللہ" ان کو توڑ دے گا۔(مسند احمد 2/170و سلسلہ احادیث الصحیحۃ للبانی :1/259،ح134)
مذکورہ احادیث سے کلمہ "
لا الہ الا اللہ" کی فضیلت واضح ہے۔